اسلام آباد:13/دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پاکستان کی قومی فضائی کمپنی“پی آئی اے“کے گزشتہ ہفتے حویلیاں کے قریب گر کرتباہ ہونے والے طیارے کے مسافروں میں شامل ملک کے معروف مبلغ اور ثناخواں جنید جمشید کی میت کی شناخت کر لی گئی ہے۔اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر مشتاق احمد نے پیر کو دیر گئے ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ میت کی شناخت چہرے کے ایکسرے اور دانتوں کی ہسٹری سے ممکن ہوئی۔گزشتہ بدھ کی شام چترال سے اسلام آباد آنے والی پرواز حویلیاں کے قریب ایک پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہو گئی تھی اور اس پر سوار تمام 47افراد ہلاک ہو گئے تھے۔حادثے میں لاشیں بری طرح متاثر ہونے سے ان کی شناخت انتہائی مشکل ہے جس کے لیے ڈین این اے ٹیسٹ سے بھی مدد لی جا رہی ہے۔ادھر کراچی میں جنید جمشید کے بھائی ہمایوں جمشید نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ میت کی شناخت کے بارے میں انہیں آگاہ کیا گیا ہے لیکن وہ ڈین این اے ٹیسٹ کے نتیجے کا بھی انتظار کریں گے۔اگر یہ بدھ تک آجاتا ہے تو ٹھیک ہے ورنہ پھر ہم میت کو لے آئیں گے اور جمعرات کو تدفین ہوگی۔قبل ازیں حادثے کا شکار ہونے والی پرواز میں جنید کی ہمسفر ان کی اہلیہ کی میت کو شناخت کے بعد ورثا کے حوالے کیا جا چکا ہے۔اب تک 13مسافروں کی لاشوں کی شناخت کے بعد باقیات ورثا کے حوالے کی جا چکی ہیں۔